Friday, May 14, 2021
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی

میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی
October 13, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وکلاء کی ہڑتال کے باعث احتساب عدالت اسلام آباد میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی ۔ عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرلیں، نیب  ریفرنس میں ملزمان کے خلاف 67 گواہان  اور چار وعدہ معاف گواہان پیش کرے گا۔

احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ  کیس کی سماعت جج اعظم خان نے کی ، ملزمان بارے استفسار کیا اور عدم پیشی پر وارنٹ جاری کرنے کا عندیہ دیا ، ملزم عبدالغنی مجید نے کچھ دیر انتظار کرنے کی استدعا کی اور مؤقف اپنایا کہ بتایا جارہا ہے کہ آج وکلاء کی ہڑتال ہے،عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔

سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو آصف علی زرداری کے وکیل پیش ہوئے ،بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے فاروق نائیک کو باہر جانے کی درخواست کی جس پر وہ کمرہ عدالت سے باہر چلے گئے۔

معاون وکیل نے عدالت سے کیس ملتوی کرنے کی استدعا کردی جو عدالت نے منظور کرلی ، دوران سماعت جج نے گواہان کو روسٹرم پر بلایا ،ریمارکس دئیے کہ آپ کو دوبارہ آئندہ سماعت پر پیش ہونا پڑے گا، آپ کراچی سے آئے ہیں کیا آپ کو اپنے دفاتر آنے جانے کے اخراجات ادا کرتے ہیں؟ ،جس پر گواہان نے بتایا کہ کہ سفری اخراجات ادا کیے جاتے ہیں ،کیس کی سماعت 28 اکتوبر کو دوبارہ ہوگی۔

میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب  کلُ 67 گواہان اور  چار وعدہ معاف گواہان پیش کرے گا ، آئندہ سماعت پر تین گواہان احسن اسلم، محمد عاطف اور منظور حسین کا بیان قلمبند کیا جائے گا ، دھوکے سے اپنے نام پر جعلی اکاؤنٹ کھولے جانے کا بیان دینے والے طارق سلطان بھی نیب  گواہان میں شامل ہیں جبکہ ایک وعدہ معاف گواہ اسلم مسعود انتقال کر چکے جن کا تحریری بیان عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔

نیب راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم اور  ایف آئی اے افسران بھی گواہان میں شامل ہیں۔