میانوالی میں ٹریلر اور ایمبولینس میں تصادم ، 9 افراد جاں بحق

میانوالی ‏ ٹریلر ‏ ایمبولینس ‏ ‏9افراد جاں بحق ‏92 نیوز
۲۱ اکتوبر, ۲۰۱۹ ۹:۰۸ دن

میانوالی ( 92 نیوز) میانوالی میں ٹریلر اور ایمبولینس میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایمبولینس کا سلنڈر پھٹنے سے 9 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے ، مرنےوالوں میں تین مرد ، تین خواتین اور تین بچے شامل ہیں ۔

میانوالی کے قریب ایم ایم روڈ روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ نے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی زندگی کے چراغ گل کر دیے ، بھکر کی رہائشی تاج بی بی کو فالج ہونے پر راولپنڈی اسپتال  لے جایا جا رہا تھا کہ ہیڈ پکہ کے مقام پر ان کی ایمبولینس بدقسمتی سے ٹرالر کے ساتھ ٹکرا گئی جس سے گیس سلنڈر پھٹ گیا اور ایمبولینس میں آگ لگ گئی۔

آتشزدگی سے ایمبولینس سوار تاج بی بی، دو بیٹے نوید اور ندیم، تین بیٹیاں ارشاد، صبا اور جویریہ کے سمیت ڈرائیور غلام حسین، امشال اور ایان جاں بحق ہو گئے ،  9 افراد کی اموات کی خبر سن کر ورثاء پر قیامت صغریٰ ٹوٹ پڑی۔

ریسکیو کے مطابق تمام افراد کی لاشیں جھلس کر ناقابل شناخت ہو چکی تھیں، جنہیں گاڑی سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز