مون سون سیزن کا آغاز، اسلام آباد میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع


مون سون سیزن ، آغاز ، اسلام آباد ، موسلادھار بارش ، 92 نیوز
04 جولائی, 2020 1:13 شام

اسلام آباد (92 نیوز) مون سون سیزن کا آغاز ہوگیا۔ اسلام آباد میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ برستی بارش نے موسم کو خوبصورت بنا دیا۔ موسم نے کروٹ لی تو گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ پیر تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

مون سون کی بارش نے اسلام آباد کے قدرتی نظاروں کو مزید نکھار دیا۔ رم جھم گرتی پھوار سے ہر منظر دھل گیا۔

کالے گہرے بادل برس کر شہر کی فضائوں میں مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو بکھیر رہے ہیں۔ ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں کے ساتھ برستی بارش سے ہر شے کا حسن نکھرا نکھرا نظر آیا۔

بارش کے بعد شہر کے قدرتی مناظر دھل کراوربھی حسین ہوگئے۔ موسم کے کروٹ بدلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہوائیں شدت سے پاکستان میں داخل ہو چکی ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ آج سے شروع ہو چکا ہے۔

سندھ میں خاص طور پر کراچی حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، میرپور خاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، جامشورو اور دادو میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ شہری علاقوں میں فلڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔ این ڈی ایم سے کی جانب سے فلڈ وارننگ بھی جاری کر دی گئیں ہیں۔

تازہ ترین ویڈیوز