موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے ”ٹڈی دل“کا کردار ادا کر رہی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب


حالات ، اپوزیشن ، سیاست ، ٹڈی دل ، کردار ، ادا ، وزیراعلیٰ پنجاب
28 مئی, 2020 7:10 شام

 ملتان (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے ”ٹڈی دل“کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اہم ترین مسائل پر بھی قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر اور منتخب نمائندوں نے ملتان میں ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی۔ ملاقات میں مختلف ترقیاتی منصوبوں سمیت کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کورونا اور ٹڈی دل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے اور سیاسی و انتظامی ٹیم ہمہ وقت فیلڈ میں متحرک ہیں۔ کورونا کے خلاف کامیابی کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کرنا چاہیے۔

اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کورونا سے خوفزدہ اپوزیشن رہنماؤں نے اہم ترین مسئلے پر بھی قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن کورونا پر بھی سیاست چمکانے سے باز نہیں آئی۔ قوم کو اپوزیشن رہنماؤں کے منفی رویے سے مایوسی ہوئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے”ٹڈی دل“کا کردار ادا کر رہی ہے۔ بد قسمتی سے اپوزیشن کے پاس کورونا سے نمٹنے کا کوئی پلان نہیں۔ یہ عناصر ماضی کی طرح صرف بلند وبانگ دعوے ہی کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف عوام کے تعاون سے ہر چیلنج پر قابو پائے گی۔

تازہ ترین ویڈیوز