ملک کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا ہے، سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی قومی معیشت سیمینار انعقاد آئی ایس پی آر مشکلات آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
۲۸ جون, ۲۰۱۹ ۱:۵۱ شام

 راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ملک کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا ہے۔ ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے۔ وقت آگیا ہے ہم کو ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں قومی معیشت پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے درپیش مشکلات اور قابو پانے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیمینار میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت مستقبل کے فوائد کیلئے طویل المیعاد لیکن مشکل فیصلے کر رہی ہے اور ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

 آرمی چیف نے کہا کہ مالی بدانتظامی کے باعث مشکل معاشی صورتحال سے گزر رہے ہیں۔ معیشت اور سکیورٹی کا آپس میں قریبی تعلق ہے۔ مشکل حکومتی اقدامات کی کامیابی کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔ معیشت کی بہتری کیلئے مسلح افواج نے بجٹ میں رضا کارانہ اضافہ نہیں مانگا۔

 جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ اس طرح کے سیمینار اور مذاکرے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ حکومت اور شراکت داروں کو قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملتا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز