پنجاب،اسلام آباد،کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش،شمالی علاقوں میں برفباری

۲۱ جنوری, ۲۰۱۹ ۱۰:۵۷ دن

لاہور ( 92 نیوز) لاہور ، فیصل آباد کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ابر کرم جم کر برسا ، اتنا برسا کہ جل تھل ایک ہو گیا  دوسری جانب ملکہ کوہسار اور شمالی علاقہ جات میں برفباری سے جاڑے کی شدت بڑھ گئی ۔

لاہور ، فیصل آباد ، ملتان سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے ، کبھی ابر کرم زور سے برستا ہے تو کبھی رم جھم  اور کالے سیاہ بادل  اپنا رنگ دکھاتے ہیں ۔

پنجاب میں  شیخوپورہ،گوجرخان،گوجرانوالہ اورگجرات میں بادلوں نے رنگ جما دیا، لاہور میں بارش اور تیز آندھی کی وجہ سے کئی فیڈر ٹرمپ کرگئے جس کے باعث متعد علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی ۔

دوسری جانب شہر اقتدار میں بھی بادلوں کا راج ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آسمان سے گرتی بوندوں نے موسم سہانا بنا دیا، شہری بھی  موسم کی تبدیلی سے خوش دکھائی دیتے ہیں۔

پتوکی،پھولنگر، رینالہ خورد،بصیرپوراور اوکاڑہ میں بھی بادل خوب برسے، مظفر گڑھ اور راجن پور سمیت جنوبی پنجاب میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری سےسردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

کراچی میں بھی گزشتہ رات گرج چمک کے ساتھ خوب بارش ہوئی ، جس کے ساتھ ہی سردی میں بھی اضافہ ہوگیا  جبکہ کے الیکٹرک نے ابر رحمت کو کراچی والوں کیلئے زحمت بنادیا  اور آدھا شہر بجلی سے محروم ہوگیا ۔

رات بھر جم کر برسنے والی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا  ، ایک رات کی بارش نے شہری انتظامیہ کی کارکردگی کا بھی پول کھول دیا  ، اور ابر رحمت کو شہریوں کیلئے زحمت بنادیا ۔نکاسی آب کے انتظامات نہ ہونے کے باعث سڑکیں تالاب بن گئیں ۔

کے الیکٹرک کا بوسیدہ نظام بھی بارش کے انتظار میں تھا  ، اِدھر بارش شروع ہوئی  اُدھر کے الیکٹرک کا نظام بیٹھ گیا ۔ روشنیوں کے شہر کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا  ۔

کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، قیوم آباد، اورنگی ٹاؤن ،ڈیفنس، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد سمیت کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ۔

دوسری جانب ملکہ کوہسار سمیت بالائی علاقوں میں برفباری سے جاڑے کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔زیارت، گلیات  اورکشمیر میں سفید کارپٹ بچھ گیا۔ بٹگرام میں ایک فٹ تک برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں ۔  اپر دیر ،کمراٹ ،لواری ٹاپ ،بن شاہی، عشیر درہ کے پہاڑوں پر برف باری سے متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

برفباری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

تازہ ترین ویڈیوز