مقبوضہ کشمیر ، شوپیاں میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے تین کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر
۲۸ مارچ, ۲۰۱۹ ۱۰:۵۲ دن

سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، ضلع شوپیاں میں قابض فوج نے رات گئے فائرنگ کرکے مزید تین کشمیریوں کو شہید کردیا،نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران گھر کو بھی آگ لگادی۔

مودی سرکار نے انتخابات سے قبل اہلیان مقبوضہ کشمیر کے خون سے ہولی کھیلنے کا سلسلہ تیز کر دیا۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کےدوران متعدد کشمیریوں کو سفاکی سےشہیدکردیاگیا۔

کشمیر میڈیاسروس کےمطابق طاقت کےنشے میں چور بھارتی فوج نےکشمیریوں کو ستانےکیلئے رات کی تاریکی میں نام نہاد سرچ آپریشن کا آغاز کیا ، جس کے بعد ڈھائی بجے کے قریب علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہت سے گونج اٹھا۔

بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کو ستانے کا سلسلہ صرف یہیں تک محدود نہ رہا بلکہ گھر گھر تلاشی کےدوران ایک مکان کو بھی تباہ کردیا۔

قابض فوج نے پہلے تو گھرمیں آنسوگیس کےشیل داغے اور پھر اسے آگ لگادی۔

بھارتی ریاستی دہشت گردی کے بعد بھی شوپیاں اور ہندواڑہ کے علاقوں میں قابض فوج کا محاصرہ ابھی بھی جاری ہے۔

گزشتہ روزبھی بھارتی فورسز نےضلع کلگام میں مظالم کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر فائرنگ کر کے2 بچوں کو زخمی کردیاتھا۔

تازہ ترین ویڈیوز