مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے لندن سمیت پورے برطانیہ میں تیاریاں مکمل

۰۵ فروری, ۲۰۱۹ ۹:۴۸ دن

لندن (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کو اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کرنے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے لندن سمیت پورے برطانیہ میں تیاریاں مکمل کرلیں گئی ہیں۔ پورے برطانیہ سے قافلے لندن میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کے لئے تیار ہیں۔

لندن میں 5فروری کو ہونے والے سب سے بڑی کشمیریوں کی احتجاجی ریلی میں شرکت کے لئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان لندن پہنچ چکے ہیں۔ لندن میں ایک عشائیے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ  جس طرح کشمیر کی وادی میں ظلم و ستم کا بازار گرم ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے ۔

برمنگھم سے لندن پہنچنے والے قافلے کی قیادت آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بیرسٹر سلطان محمود کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ۔ یہ ایک نہایت حوصلہ افزا بات ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم برطانیہ کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر یوم یکجہتی کشمیر پروگرام میں شریک ہوں گے۔

مسلم کانفرنس کےسربراہ اورسابق وزیر اعظم سردار عتیق بھی اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے برمنگھم میں موجود ہیں جہاں سے وہ بھی ایک قافلے کی شکل میں لندن میں ہونے والے مظاہرے میں شریک ہونگے۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق لوٹن سے لندن مظاہرے میں شامل ہونے والے قافلے کی قیادت کریں گے۔

برطانیہ بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی بھارتی بربریت کے خلاف ہونے والی احتجاجی ریلی میں شرکت کےلئے پرجوش ہیں۔

لندن میں  بھارتی مظالم کے خلاف ہونے والے احتجاج میں شمولیت کے لئے برطانیہ بھر سے پاکستانی اور کشمیریوں کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔۔۔ بینرز اور  کتبے  بڑی تعداد میں تیار کرلیے ہیں جن پر بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے درج ہیں۔

تازہ ترین ویڈیوز