مرید عباس قتل کیس ، ملزم کے وکلاء سے کل تک جواب طلب

مرید عباس قتل کیس کراچی ‏ ‏92 نیوز اینکر مرید عباس ‏ عاطف زمان ‏
۱۹ اگست, ۲۰۱۹ ۳:۵۶ شام

کراچی ( 92 نیوز) کراچی کی مقامی عدالت نے اینکر مرید عباس  قتل کیس میں ملزم عاطف زمان کے وکلاء سے کل تک جواب طلب کرلیا  ، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے مرید عباس اور خضرحیات کو پیسے دینے کے بہانے بلا کرقتل کیا  جبکہ ملزم عاطف زمان پولیس کے سامنے اعتراف جرم کرچکا ہے ۔

اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کیس میں  ملزم عاطف زمان کے وکیل آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے ، عدالت نے ریمارکس میں کہا ہائی پروفائل کیس ہے، اس لیے چاہتے ہیں کہ غلطی کی کوئی گنجائش نہ ہو ۔

تفتیشی افسر نے کیس کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا  ، عدالت کو بتایا کہ جس نے بھی پیسے عاطف کو دیے  ان کا مکمل ریکارڈ موجود ہے  جبکہ سرمایہ کاروں نے پولیس کو بھی درخواستیں دی ہیں اور سرمایہ لگانے والے عمر  ریحان نے  اعترافی بیان میں سب بتا دیا ہے ۔

تفتیشی افسر نے دعویٰ کیا کہ ٹرائل میں ثابت کریں گے کہ سارا پیسہ عاطف زمان کے اکاؤنٹ میں آیا  جس کے نام پر 13 اکاؤنٹس ہیں  جبکہ نیب یا ایف آئی اے نے رابطہ کیا تو مکمل ریکارڈ پیش

کیا جائے گا ۔

عدالت نے عاطف زمان کے وکلاء کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل جواب طلب کرلیا ۔

تازہ ترین ویڈیوز