مرید عباس قتل کیس ،عاطف زمان نے بڑے منافع کا لالچ دیکر 60 سے زائد شخصیات سے دھوکا کیا

مرید عباس نماز جنازہ کراچی ‏ ‏92 نیوز نجی ٹی وی ‏
۱۱ جولائی, ۲۰۱۹ ۴:۱۳ شام

 کراچی (92 نیوز) اینکر مرید عباس قتل کیس میں نئے انکشافات ہو گئے۔ ملزم عاطف زمان نے بڑے منافع کا لالچ دیکر 60 سے زائد شخصیات سے دھوکا کیا ۔ رقم واپس نہ کر پانے پر تین نیوزاینکرز سے جھگڑا ہوا، مجبور ہو کر فائرنگ کی۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق شاطر ملزم نے بڑے منافع کا لالچ دے کر میڈیا انڈسٹری کے بڑے ناموں کو گھیرا۔ ٹائر کے بزنس کے نام پر خوب سرمایہ کاری کروائی۔ ابتدا میں منافع بھی خوب دیا۔

تفتیش کے مطابق خطیر رقم ہاتھ آئی تو میڈیا انڈسٹری کے دیگر لوگوں نے عاطف زمان کو بھاری رقم دی لیکن پھر ایک دن منافع کی رقم ملنا بند ہو گئی جس کے بعد دوستوں میں دشمنی ہو گئی اور پھر ملزم نے مرید اور خضر پر گولیاں چلا دیں۔ عاطف زمان کے وار سے بچ جانے والے عمر ریحان نے سب کچھ بتا دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق کیس میں کروڑوں روپے کی ہیر پھیر سامنے آئی ہے۔ میڈیا سے تعلق رکھنے والے 60 سے زائد متاثرین نے پولیس سے رابطہ کیا ہے۔ کچھ کے پاس تو دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں۔

ادھر زخمی ملزم عاطف زمان نے پولیس کو ایک اور بیان ریکارڈ کروا دیا ہے جس میں بتایا کہ میڈیا انڈسٹری سمیت بہت سے لوگوں نےاس کے کاروبار میں پیسہ لگایا۔ اینکرز کو دو سے تین ماہ بعد منافع بھی دیتا رہا۔ نقصان کی وجہ سے مالی پوزیشن ٹھیک نہیں ہے۔ اب رقم واپس نہیں کر سکتا۔

یہ بھی بتایا کہ رقم کی واپسی پر تین نیوز اینکرز سے جھگڑا بھی ہوا تھا۔ دوسری جانب مقتول مرید عباس کو میالوانی میں اس کے آبائی گاوں پپلاں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ خضر حیات کی نمازجنازہ اور تدفین جھنگ میں کی گئی۔

تازہ ترین ویڈیوز