مراد علی شاہ کو نااہل قرار دینے کیلئے دائر نظرثانی درخواست سماعت کیلئے منظور

مراد علی شاہ نااہل قرار نظرثانی درخواست اسلام آباد ‏ ‏92 نیوز وزیر اعلیٰ سندھ ‏ دوہری شہریت ‏ جسٹس عمر عطاء بندیال ‏ آرٹیکل 62 ون ایف ‏ نااہلی کی تلوار ‏ حامد خان ایڈووکیٹ ‏ الیکشن 2013 ‏ کینیڈین شہریت ‏ جسٹس عظمت سعید
۰۶ اگست, ۲۰۱۹ ۳:۴۱ شام

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ مشکل میں پھنس گئے، دوہری شہریت پر نااہلی کیلئے دائر نظر ثانی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی گئی ،  نوٹس بھی جاری کر دیا گیا جب کہ  جسٹس عمر عطاء بندیال نے نوٹس جاری کرنے سے اختلاف کیا ۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دئیے کہ  جھوٹا بیان حلفی دینے پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی ، دوہری شہریت پر نااہلی کیلئے دائر نظرثانی درخواست کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

درخواستگزار کے وکیل  حامد خان ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا مراد علی شاہ نے الیکشن 2013 میں جھوٹا بیان حلفی دیا ، 29 ستمبر 2012 کو انہوں نے کینیڈین شہریت چھوڑنے کی درخواست دی لیکن سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا ،عدالت نے سرٹیفکیٹ نہ دینے پر مراد علی شاہ کو نااہل کیا۔وزیراعلی سندھ نے نظرثانی کیلئے رجوع نہیں کیا یوں ان کی نااہلی کا فیصلہ حتمی ہوُچکا۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دئیے کہ ہر امیدوار اپنی اہلیت کا بیان حلفی ریٹرننگ افسر کو جمع کراتا ہے ، جھوٹا بیان حلفی دینے پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دئیے کہ آرٹیکل 62 ون ایف کیلئے عدالتی ڈیکلریشن چاہیے تو جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ  سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی ڈیکلئریشن ہے۔

عدالت نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  کی نااہلی کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی اور نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے فیصلہ دو ایک کی اکثریت کی بنیاد پر کیا۔

جسٹس عمر عطاء بندیال  نے نوٹس جاری کرنے سے اختلاف کیا، کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔

تازہ ترین ویڈیوز