مدینہ فاونڈیشن کا مبارک دن پر 50 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام



مدینہ فاونڈیشن ، مستحق جوڑوں ، اجتماعی شادی ، جہیز
۲۱ مارچ, ۲۰۱۹ ۷:۰۴ شام

 فیصل آباد (92 نیوز) حیدرکرار، شیرخدا، امیر المومنین سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کے یوم ولادت کی خوشی میں مدینہ فاؤنڈیشن 50 مستحق جوڑوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کا وسیلہ بن گئی۔

 مولود کعبہ اوربابِ مدینتہ العلم، علی حیدر کرارؓ کے یوم ولادت کی خوشی میں مدینہ فاونڈیشن نے منفرد انداز اپناتے ہوئے 50 جوڑوں کو رشتہ ازدواج میں منسلک کر دیا۔ گالوں پر پھولوں کی شادابی ، ہاتھوں میں کنگنا اورعروسی ملبوسات زیب تن کیے اٹھلاتی، شرماتی دلہنوں کی خوشی گالوں کی لالی صاف بتا رہی تھی۔ تقریب میں شریک سکھیوں نے بھی ٹپے ماہیئے گا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

مدینہ فاونڈیشن کی جانب سے نوبیاہتا جوڑوں کو بیڈ، پیٹی سیٹ اور برتنوں سمیت فی کس ایک لاکھ سے زائد مالیت جہیز بھی دیا گیا۔ بھاری ذمہ داری کا بوجھ سر سے اترنے پر والدین نے بھی خود کو ہلکا پھلکا محسوس کیا، جبکہ علماء دین نے حضرت علی ؓ کے یوم ولادت پر اس اقدام کو انتہائی مبارک قرار دیا۔

 تقریب میں یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر نجیب حیدر نے بھی مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور نوبیاہتا جوڑوں کے لیے نیک تمناووں کا اظہار کیا۔  

 بابل کا انگنا چھوڑنے کی اداسی اپنی جگہ تاہم مسرتوں بھرے لمحات میں زندگی کے نئے ہمسفر کا ساتھ ملنے پر دلہنوں کی خوشی قابلِ دید ہے۔



تازہ ترین ویڈیوز