کرکٹر وسیم اکرم سے مانچسٹر ایئرپورٹ پر عملے نے انسولین نکلوا کر کوڑے دان میں پھینکوا دی


۲۳ جولائی, ۲۰۱۹ ۷:۵۶ شام

 مانچسٹر (92 نیوز) لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کے ساتھ برطانیہ کے مانچسٹر ایئرپورٹ پر نارروا سلوک کیا گیا۔ عملے نے بیگ سے انسولین نکلوا کر کوڑے دان میں پھینکوا دی۔

وسیم اکرم کہتے ہیں سامان کی چیکنگ سے کوئی مسئلہ نہیں مگر سب سے یکساں سلوک ہونا چاہیے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور انٹرنیشنل کمنٹیٹر وسیم اکرم مانچسٹر ائیرپورٹ پر خود سے ہونیوالے ناروا سلوک سے دلبرداشتہ ہیں۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں وسیم اکرم نے لکھا مانچسٹر ائیر پورٹ پر میں بہت دلبرداشتہ ہوا، پوری دنیا میں سفر کرتا ہوں اور انسولین ساتھ رکھتا ہوں لیکن مجھے کبھی ایسی شرمندگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا مجھے بہت تذلیل محسوس ہوئی کیونکہ مجھ سے بہت برے لہجے میں سوالات کیے گئے اور مجھے سرعام اپنی انسولین کولڈ بیگ سے باہر نکالنے اور پلاسٹک بیگ میں ڈالنے کا حکم دیا گیا۔

وسیم اکرم نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا میں اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ مجھ سے امتیازی  سلوک ہو۔ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ سب کیساتھ گفتگو کرنے کے کچھ آداب ہونے چاہئیں۔ میں حفاظتی اقدامات  کی اہمیت کو بھی سمجھتا ہوں لیکن لوگوں کی ایسے تذلیل نہیں ہونی چاہیے۔

دوسری جانب مانچسٹر ائیرپورٹ انتطامیہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے ۔ وسیم اکرم نے انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان سے رابطے میں رہیں گے۔

تازہ ترین ویڈیوز