قومی فاسٹ باؤلر حسن علی کے دل کو ہریانہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی بھا گئی


قومی فاسٹ باؤلر حسن علی دل ہریانہ لڑکی بھا
۳۰ جولائی, ۲۰۱۹ ۴:۱۳ شام

لاہور (92 نیوز) قومی فاسٹ باؤلر حسن علی بھی بھارت کے داماد بننے کو تیار ہیں۔ ہریانہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی سامعہ خان کے دل کو بھا گئی ۔

فاسٹ باؤلر حسن علی 20 اگست کو بھارتی حسینہ کو اپنا شریک سفر بنا لیں گے۔ حسن علی کے قریبی دوست عطاالرحمان نے نکاح کی تصدیق کر دی۔

عطا الرحمان نے بتایا حسن علی اور سامعہ خان کی شادی میں دونوں گھرانوں کی رضامندی شامل ہے۔

ایروناٹیکل انجینئر سامعہ بھارتی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ دبئی میں ایک نجی ائیرلائن میں فلائٹ انجینئر ہیں۔ حسن اور سامعہ کی پہلی ملاقات دبئی میں ہوئی اور دونوں ایک دوسرے کو دل دے بیٹھے۔

ایک بھارتی اخبار کے مطابق سامعہ کے والد لیاقت علی نےنکاح کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اہل خانہ کے ہمراہ 17 اگست کو دبئی جائیں گے۔  

حسن علی بھارت کے داماد بننے والے چوتھے پاکستانی کرکٹر ہوں گے ۔ ان سے پہلے ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے بھارتی خاتون ثمینہ سے شادی کی۔ ٹیسٹ کرکٹرمحسن حسن خان بھارتی اداکارہ رینارائے کی زلفوں کے اسیر ہوئے۔ شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی شادی کا بھی خوب چرچا رہا۔

تازہ ترین ویڈیوز