فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں تین ہزار 71 ملازمین کے تبادلے کر دیئے گئے


۰۶ جولائی, ۲۰۱۹ ۴:۰۰ شام

اسلام آباد (92 نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں تاریخ کی سب سے بڑی اکھاڑ پچھاڑ ہو گئی۔ ملک بھر میں تین ہزار 71 ملازمین کے تبادلے کر دیئے گئے، نوٹی فکیشن بھی جاری ہو گیا۔

دستاویز کے مطابق گریڈ 9 سے 16 کے 504 ملازمین کے تقرر و تبادلے کیے گئے، گریڈ 19 اور 20 کے 21 افسران کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔ تمام افسران کے تقرر و تبادلوں کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیئے گئے۔

گریڈ 20 کے افسر جاوید اقبال کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد تعینات کر دیا گیا، جاوید اقبال ہیڈ کوارٹر میں چیف اکاونٹنگ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

گریڈ 18 کے افسر زاہد الباری کی کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کراچی میں تعیناتی کر دی گئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد اجمل خان ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ راولپنڈی جبکہ سید اظہر عباس شیرازی کو چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے۔

ایف بی آر میں ملازمین کی تعداد 21 ہزارسے زائد ہے ۔ ڈھائی ہزار ملازمین کے تبادلوں کا مقصد ٹیکس چوری کو روکنا، سرحدوں اور بندرگاہوں کے ذریعے اسمگلنگ پر قابو پانا اور لوگوں کی حقیقی آمدن کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز