فیصل آباد پولیس کے ہاتھوں ایک ماہ میں چار ڈاکو ہلاک ، 13گرفتار ہوئے


Faisalabad police
14 جولائی, 2020 1:03 شام

فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد پولیس کے ہاتھوں جرائم پیشہ عناصر کی شامت آگئی ، فیصل آباد پولیس  نے ایک ماہ میں  11 مقابلے کئے جن میں چار ڈاکو ہلاک اور 13 گرفتار ہوئے ۔ دو طرفہ فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

شہریوں  کے جان و مال کے دشمن عناصر کیخلاف پولیس برسرِ پیکار ہے ، 14 جون کو نشاط آباد کے  قریب مبینہ مقابلے میں 1 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ 28 جون کو ملت چوک کے قریب ڈولفن فورس نے 1 ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔

30 جون کو تھانہ صدر کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک  ڈاکو گرفتار جبکہ دو طرفہ فائرنگ میں 1 کانسٹیبل بھی زخمی ہوا۔

چار جولائی کو گلبرگ میں دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، 5 جولائی کو سول لائن میں 1، 6 جولائی کو بکر منڈی روڈ پر مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت دو ملزمان گرفتار ہوئے۔

سات  جولائی کو ڈی ٹائپ کے علاقہ میں  پولیس پر فائرنگ کرنے والے 2 ڈاکو ہلاک، 10 جولائی کو تھانہ صدر کے علاقہ میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

دس جولائی کو کھڑیانوالہ میں ایلیٹ فورس پر فائرنگ کرکے فرار ہونے والے دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، 13 جولائی کو غلام محمد آباد میں 2  ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 14 جولائی کو سرگودھا روڈ کے علاقہ میں 2 ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔

پولیس افسران کہتے ہیں کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے،جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع ہونے تک  یونہی آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

تازہ ترین ویڈیوز

Oops, something went wrong.