غزہ میں فلسطینی کمانڈر کی شہادت کے بعد حالات کشیدہ ‏


غزہ ‏ فلسطینی کمانڈر ‏ ‏92 نیوز اسرائیلی فضائیہ ‏ تین فلسطینی شہید
۱۳ نومبر, ۲۰۱۹ ۱۰:۵۳ دن

غزہ ( 92 نیوز)  غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں  فلسطینی کمانڈر کی شہادت کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے  ، اسرائیلی فضائیہ  کی تازہ کارروائی میں مزید  تین فلسطینی شہید ہوگئے ۔ ایک روز میں شہادتوں کی تعداد دس ہوگئی  ،مصر نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان  جنگ بندی کیلئے کوششیں شروع کردیں۔

فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف  اسرائیل نے ایک اور وار کر دیا ،  غزہ کے مقام بیت اللہایا میں تازہ فضائی کارروائی کرتے ہوئے مزید تین فلسطینی شہید کر دیے ، جس کے بعد ایک روز میں شہادتیں دس ہوگئیں ۔

 اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ میں دن بھر  تیس سے زائد فضائی اور  آرٹلری حملے کیے گئے  ، حالات اس وقت کشیدہ ہوئے  جب اسرائیل نے غزہ کے ضلع شجاعیہ میں اسلامک جہاد کے فلسطینی کمانڈر بہاابوالعطاء کے گھر پر  فضائی حملہ کرکے انہیں شہید کردیا تھا۔

جواب میں اسلامک جہاد کی جانب  سے  اسرائیل  پر راکٹ برسائے گئے ۔

اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق  نفتالی بینٹ کے مطابق صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد غزہ کے آس پاس اسی کلومیٹر  کے علاقے میں اڑتالیس گھنٹوں کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔

دوسری جانب  مصر نے  غزہ کی پٹی میں کشیدگی ختم کرنے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں ، اس سلسلے میں مصری انٹیلی جنس ایجنسی ،اسرائیل اور فلسطینی حکام کیساتھ مسلسل رابطوں میں ہیں۔

اسرائیلی بربریت کی  عالمی سطح پر  شدید الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے  ، اردن  کی وزارت خارجہ نے  اسرائیل  کو کشیدگی میں  اضافے کا ذمہ دار قرار دیا۔

جرمنی نے بھی  اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے  فریقین سے  صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔

تازہ ترین ویڈیوز