عوام کی آسانی کیلئے بجٹ میں ترامیم کی جائیں گی ، فردوس عاشق اعوان

عوام ، آسانی ، بجٹ ، ترامیم ، فردوس عاشق اعوان
۱۹ جون, ۲۰۱۹ ۷:۴۲ شام

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے بجٹ میں ترامیم کا اشارہ دے دیا۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا عوام کی آسانی کیلئے ترامیم کی جائیں گی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیراعظم کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی تردید کرتے ہیں۔ عوام نے دونوں جماعتوں کو مسترد کرکے عمران خان کو چنا ہے۔ عمران خان اور پاکستان لازم وملزوم ہیں۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات بولیں اپوزیشن لیڈر نے آج قومی اسمبلی میں حقائق کو مسخ کرکے بیان کیا۔ شہباز شریف نے پارلیمنٹ کو ذاتی تشہیر کا ذریعہ بنایا۔ اپوزیشن کے بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈے کی تردید کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کا آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔ اپوزیشن عمران خان کو اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا گیدڑ بھبکیاں دینے والے بجٹ کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے۔ بجٹ نہیں رکے گا، اسے عوامی نمائندے پاس کرینگے۔ انہوں نے کہا پرامید ہوں کہ اپوزیشن عوام سے اپنا ناطہ نہیں توڑے گی۔ غنڈہ گردی سے نہیں، آئینی اور پارلیمانی طریقے سے اپوزیشن ترامیم لائے۔

تازہ ترین ویڈیوز