عمران کی تقریر پر تنقید بلا جواز ، حامد میر، نیب بزدار کو طلب کریگا، ارشاد بھٹی

عمران تقریر تنقید بلا جواز حامد میر نیب بزدار ارشاد بھٹی لاہور مانیٹرنگ ڈیسک سینئرصحافی ‏ حامد میر
۳۰ ستمبر, ۲۰۱۹ ۱۲:۲۸ شام

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئرصحافی حامد میر نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر پر تنقید بلاجواز ہے ،بلاول بھٹو کی اپنی رائے ہے لیکن اسلامو فوبیا اور کشمیر کے مسئلے کا بڑا گہرا تعلق ہے ، 1931میں ہندو تنظیم نے توہین قرآن کی اور یہ تنظیم آر ایس ایس کی پیروی کرتی تھی۔

چینل 92 نیوز کے پروگرام 92 ایٹ 8 میں گفتگو کرتے ہوئے  سینئر صحافی حامد میر کا کہنا تھا کہ  اس وقت کشمیرکے مسئلے پر عوام کی توقعات بہت بڑھ گئی ہیں ، آزادکشمیر حکومت اوراپوزیشن ایل او سی کی جانب اگلے ماہ مارچ کرناچاہتی ہیں لیکن اگر انہوں نے مارچ شروع کردیا تو عمران خان کیلئے مشکل ہوجائے گی، انہیں ایک پلیٹ فارم پراکٹھا کرناہوگا۔

انہوں نے کہا اگر پنجاب میں پولیس کے تبادلوں پر پیسے لئے جارہے ہیں تو اس کے ثبوت دیئے جائیں اورعمران خان کو چاہئے کہ اس کا نوٹس لیں، فضل الرحمان کے پاس کچھ لوگ گئے ہیں، انہیں دھرنانہ کرنے کا کہا ہے لیکن وہ نہیں مان رہے ہیں۔

تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ فضل الرحمان کو چاہئے تھاکہ وہ عمران خان کا خود استقبال کرتے کیونکہ جس طرح عمران نے توہین رسالت کا مقدمہ لڑا ہے ، ایسے لڑا جاتاہے ۔ عمران خان نے رائٹ مین فار رائٹ جاب نہیں لگایا، اتنے بڑے صوبے کا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو لگا دیا، شہبازشریف ڈینگی پر قابو پاچکے تھے لیکن اس کا دوبارہ پھیلنا یاسمین راشد کی نااہلی ہے ۔

ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ  پی کے ایل آئی کی تباہی پھیردی گئی ہے ،تقرری و تبادلوں پر پیسے چل رہے ہیں ،  ہیلی کاپٹر کی انشورنس کے حوالے سے نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہفتے دو ہفتے میں بلانا ہے ، مجھے نیب ذرائع سے پتہ چلا ہے کیونکہ انہوں نے ہیلی کاپٹر کی انشورنس دو کی بجائے ساڑھے سات کروڑ میں کرائی ۔

تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا پوری دنیاکشمیرکے حوالے سے عمران خان کی تقریر کی تعریف کررہی ہے لیکن ہماری اپوزیشن تعصب سے باہرنہیں نکل رہی ۔ انہوں نے کہا ہسپتالوں کے اندر حالات بہترہورہے ہیں ۔

محمود الرشید کا کہنا تھاکہ  فضل الرحمان اپنے آپ کو بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں ماررہے ہیں، ان میں ایسی کوئی صلاحیت نہیں کہ وہ لاک ڈاؤن کرکے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پرمجبور کردیں ۔

تازہ ترین ویڈیوز