عمران خان 10 کروڑ 82 لاکھ روپے اثاثوں کے مالک نکلے ، الیکشن کمیشن کی تفصیلات جاری

۰۲ جولائی, ۲۰۱۹ ۴:۱۳ شام

 اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ گوشواروں کے مطابق وزیراعظم عمران خان 10 کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ انھوں نے بنی گالا کی رہائش گاہ کی مالیت کے بجائے تحفہ ظاہر کیا۔

وزیراعظم 6 اعشاریہ 2 مربع زرعی اور کمرشل اراضی کے مالک ہیں تو ان کے ڈالر، پاونڈ اور یورو اکاؤنٹس بھی ہیں۔ وزیراعظم اپنی اہلیہ بشری بی بی کے پہلی بار اثاثے بھی ظاہرکیے۔ خاتون اول بنی گالا میں 3 کنال کے گھر ،پاک پتن میں 431 کنال اور اوکاڑہ میں 266 کنال اراضی کی مالکن ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری امیر ترین اراکان قومی اسمبلی میں شامل ہیں۔ آصف علی زرداری 66 کروڑ جبکہ بلاول بھٹو زرداری 1 ارب 54 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک نکلے۔ باپ بیٹا دبئی کے اقامہ ہولڈر بھی ہیں۔ آصف علی زرداری کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں۔ تاہم بلاول بھٹو کے دبئی کے دو ولاز میں شیئرز اور 28 دیگر کاروبار ہیں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف 18 کروڑ 96 لاکھ کے اثاثوں کے مالک نکلے۔ پہلی بیوی نصرت شہباز کے نام 23 کروڑ روپے جبکہ دوسری بیوی تہمینہ درانی کے 57 لاکھ 65 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔ شہباز شریف نے بیرون ملک 14 کروڑ روپے کے اثاثے بھی ظاہرکیے۔ لندن میں فلیٹس کے مالک بھی ہیں۔

شاہد خاقان عباسی 60 کروڑ ، شیخ رشید احمد 12 کروڑ ، رانا ثنااللہ 6 کروڑ 60 لاکھ ، سید خورشید شاہ 6 کروڑ کے اثاثوں کے مالک ہیں تو مراد سعید غریب ارکان قومی اسمبلی میں شامل ہیں ۔

وزیر مواصلات کے پاس 36 لاکھ نقد اور 15 تولے سونا ہے۔ اسی طرح وفاقی وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی 2 کروڑ ، وزیر دفاع پرویز خٹک  کے پاس 17 کروڑ ، پی ٹی آئی کے ایم این اے سمیع الحسن گیلانی 1 ارب روپے جبکہ وفاقی وزیر علی زیدی 3 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔

تازہ ترین ویڈیوز