Wednesday, March 3, 2021
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

عمران خان نے این آر او لینے کیلئے شہبازشریف اور خواجہ آصف کو گرفتار کیا، مریم اورنگزیب

عمران خان نے این آر او لینے کیلئے شہبازشریف اور خواجہ آصف کو گرفتار کیا، مریم اورنگزیب
January 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کہتی ہیں عمران خان نے پی ڈی ایم سے این آر او لینے کیلئے شہبازشریف اور خواجہ آصف کو گرفتار کیا۔ شہباز شریف کو قید ہوئے 100 دن ہوگئے، لیکن سو پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔

ترجمان ن لیگ نے ایک بیان میں کہا کہ عمران صاحب نے شہباز شریف کو صرف اِس لیے گرفتار کیا ہوا ہے کیونکہ اُنہیں معلوم ہے کہ شہباز شریف کی ملک چلانے اور عوام کو ریلیف دینے کی پوری تیاری ہے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ جھوٹے الزامات پہ شہباز شریف کو ناحق گرفتار تو کر سکتا ہے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن کے ثبوت پیش نہیں کر سکتا۔ جو کاغذ شہباز شریف کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے اور میڈیا ٹرائل کے لئے لہرائے جاتے تھے، وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ 100 دن شہباز شریف کو گرفتار کر کے عوام کا آٹا، چینی، گیس اور بجلی چوری کی جا رہی ہے۔ شہباز شریف اِس لئے ناحق قید ہیں تاکہ کوئی عمران صاحب سے یہ نہ پوچھے کہ سو دن کے پلان کا کیا ہوا؟ شہباز شریف اِس لئے گرفتار ہیں تاکہ عمران صاحب ترقی کی شرح منفی کرنے پر اپنے لئے این آر او لے سکیں، ایک کروڑ نوکریاں نہ دینے، پچاس لاکھ گھر نہ دینے، زمان پارک گھر کی کروڑوں روپے کی نئی تعمیر پر این آر لے سکیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف اِس لئے گرفتار ہیں تاکہ 23 فارن فنڈنگ اکائونٹس کے اربوں روپے پر عمران صاحب کو این آر او دے دیا جائے۔ شہباز شریف اِس لئے گرفتار ہیں تاکہ عمران صاحب کو 126 ارب کے پشاور بی آر ٹی کے کھڈوں پر این آر او دے دیا جائے۔