عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے ، فیاض چوہان


عثمان بزدار ، وزیراعلیٰ پنجاب ، فیاض چوہان
۲۷ جنوری, ۲۰۲۰ ۹:۱۸ شام

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہا عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے۔ پنجاب میں کسی فارورڈ بلاک کا تصور نہیں ہے۔

فیاض چوہان کا کہنا ہے اپوزیشن کی قیادت پلیٹیں ٹھیک کرانے لندن چلی گئی۔ پیچھے چمچے اور کڑچھے کھڑک رہے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر اپوزیشن نے اودھم مچا دیا تھا۔ اب وضاحت آنے پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی ڈوبنے کیلئے چلو بھر پانی ڈھونڈیں۔

انہوں نے کہا ن لیگ اپنے گھر کو سنبھالے،حمزہ شہباز اپنی کھڑکیاں دروازے بند رکھیں ،پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے بھی فیاض الحسن کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ میں فارورڈ بلاک کی باتیں  بچپن سے سنتا آرہا ہوں اور یہ سنتے سنتے انکے بال سفید ہو گئے ہیں ۔ پارٹی بالکل متحد ہے ۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا مہنگائی میں پسے لوگ پرانے پاکستان کو ڈھونڈ رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے بھی گزشتہ روز نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ق لیگ اور پی ٹی آئی کے منحرف ارکان ن لیگ سے رابطے میں ہیں۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے اتنی کم اکثریت سے حکومت کھڑی نہیں رہ سکتی ۔ سیاست میں ایک  دوسرے سے رابطے رہتے ہیں۔

رانا ثنااللہ کا مزید کہنا تھا پنجاب اور خیبر پختونوا حکومتیں بنی گالا سے چلائی جارہی ہیں۔ پنجاب میں حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز