شہباز شریف نے اثاثہ جات کیس میں طلبی پر نیب کو تحریری جواب جمع کرا دیا


Shahbaz sharif
02 جون, 2020 6:38 شام

 لاہور (92 نیوز) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اثاثہ جات کیس میں طلبی پر نیب کو تحریری جواب جمع کرا دیا۔

شہباز شریف نے اپنے تحریری جواب میں کہا میری عمر 69 سال اور کینسر کا مریض ہوں۔ کورونا خدشات کے باعث پیش نہیں ہو سکتا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے لکھا کہ نیب ویڈیو لنک اور اسکائپ کے ذریعے جواب لے سکتا ہے۔

ادھر لاہور ہائی کورٹ میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کل ہو گی ۔ ہائیکورٹ آفس نے درخواست ضمانت پر بعض مصدقہ دستاویزات منسلک نہ کرنے پر اعتراض عائد کر دیا۔ شہباز شریف کے وکلا نے مصدقہ دستاویزات منسلک کر دیں، ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ کل درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 1972میں بطور تاجر کام شروع کیا، ایگریکلچر، شوگر اور ٹیکسٹائل انڈسٹری میں اہم کردار ادا کیا،1988 میں سماج کی بھلائی کے سیاست میں قدم رکھا، نیب نے بد دیانتی پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کا کیس بنایا ہے۔ نیب کے پاس زیر التواء انکوائری میں گرفتار کئے جانے کا خدشہ ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

نیب آفس میں شہباز شریف کی طلبی سے متعلق رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر ہے اس حوالے سے کل فیصلہ ہو گا۔

منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات کے لئے نیب لاہور نے شہباز شریف کو آج طلب کر رکھا تھا۔

تازہ ترین ویڈیوز