شاہد عباسی نے نوازشریف کا ساتھ دینے کا عہد کیا، آپ اتنی جلدی گھبرا گئے ، فردوس عاشق

شاہد خاقان عباسی نوازشریف ساتھ عہد گھبرا فردوس عاشق
۱۸ جولائی, ۲۰۱۹ ۷:۲۰ شام

 لاہور (92 نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا شاہد خاقان عباسی نے نوازشریف کا ساتھ دینے کا عہد کیا تھا، آپ اتنی جلدی گھبرا گئے۔

فردوس عاشق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکومت پر انگلیاں اٹھانا اور وزیراعظم کو اس عمل میں گھسیٹنا ظاہر کرتا ہے  کہ ن لیگ ان سے عداوت اور بغض رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں عدالتیں اور ادارے آزاد ہیں جن کی ڈاڑھی میں تنکا ہے وہ میڈیا میں وضاحتیں دے رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا شہباز شریف خدا کی بستی پر خدا کے بندوں پر خدا بن کے بیٹھے۔ شہباز شریف نے آج شام غریباں پڑھ کر سنائی۔ قانون کی عمل داری رنگ دکھاتی ہے تو شہباز شریف کا رنگ پیلا پڑھ جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا شاہد خاقان نے ضمانت قبل از گرفتاری بھی نہیں کرائی ۔ شاہد خاقان عباسی چوری کھانے والے مجنوں نہ بنیں۔

معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق نے یہ بھی کہا شاہد خاقان عباسی کی خواہش تھی کہ نیب انہیں گرفتار کرے۔ گرفتاریوں کے عمل میں وزیراعظم کو شامل کرنا مسلم لیگ ن کی عداوت ہے۔ وزیراعظم نے سب کے لیے قانون یکساں کیا ہے۔ گرفتار ہونے والے عدالتوں میں جا کر اپنی بے گناہی ثابت کریں۔

آخر میں فردوس عاشق اعوان بولیں شہباز شریف اپنے داماد کو پوری قوم کا داماد منوانے پر تلے ہوئے ہیں۔ کرپٹ لوگوں کو اپنی بیرون ممالک جائیدادیں بیچ کر واپس لانا ہوں گی۔

تازہ ترین ویڈیوز