Tuesday, May 11, 2021
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

سپریم کورٹ کی حکومت کو کورونا سے متعلق قانون سازی کی ہدایت

سپریم کورٹ کی حکومت کو کورونا سے متعلق قانون سازی کی ہدایت
June 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ کی حکومت کو کورونا سے متعلق قانون سازی کی ہدایت کردی، ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں کھولنے کا حکم واپس لے لیا۔ سپریم کورٹ میں کورونا ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ریمارکس دیئے دیگر تمام ادارے کام کرسکتے ہیں تو پارلیمنٹ کیوں نہیں؟چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ نے ہدایت کی کورونا کے معاملے پر قانون سازی کی جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہم بھی کورونا وائرس کی حدت کو محسوس کر رہے ہیں، چین نے بھی وباء سے نمٹنے کیلئے فوری قانون بنائے، پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کا تحفظ نہیں ہوگا بلکہ قانون بننے اور اس پر عمل کرنے سے ہوگا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کورونا کسی میں تفریق نہیں کرتا، آپ کے پاس اب وقت نہیں رہا، ایک لاکھ سے زائد کورونا کیس آگئے، نہیں معلوم تعداد کہاں جا کر رکے گی ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان ہر حال میں دستیاب ہونا چاہئے۔ ممبر لیگل این ڈی ایم اے نے ٹیسٹنگ صلاحیت 30 ہزار تک بڑھنے اور 100 لیب کے قیام  کا تذکرہ کیا تو چیف جسٹس نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے 30 ہزار ٹیسٹ نہ ہونے کے برابر ہیں، آبادی22کروڑ اور لیب صرف 100 ہیں۔ دوران سماعت ٹڈی دل کا بھی تذکرہ ہوا، چیف جسٹس نے پوچھا ترکی سے اسپرے کیلئے جہاز کیوں منگوایا گیا؟ کیا پاکستان میں جہاز نہیں مل سکتا تھا؟ کیا جہاز لیز پر لینے کے لئے ٹینڈر دیا گیا؟ معلوم نہیں لیزنگ سے کس نے فائدہ اٹھایا۔ جسٹس مظاہر علی نقوی نے کہا سکھر میں جہاز کھڑا ہے اس کو اڑایا کیوں نہیں جارہا، کیا حکومت ٹڈی دل سے لڑنے میں سنجیدہ ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے این ڈی ایم اے کو ٹڈی دل کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔ عدالت نے ٹڈی دل اسپرے کیلئے جہاز لیز پر لینے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔