سندھ حکومت نے درزی سمیت عام دکانداروں پر بھی ٹیکس لگا دیا

سندھ اسمبلی حج اخراجات قرار داد عبدالرشید سعدیہ جاوید
۲۸ جون, ۲۰۱۹ ۱۲:۰۲ دن

 کراچی (92 نیوز) سندھ حکومت نے درزی سمیت عام دکانداروں اور کچرا چننے والوں پر بھی ٹیکس لگا دیا۔ آن لائن ٹیکسی اور موٹرسائیکل کی سواری بھی مہنگی ہو گئی۔

پیپلزپارٹی کی سندھ سرکار کا بجٹ اور ٹیکسوں کی شرح میں ردوبدل کا مسودہ منظور ہو گیا۔ شہری علاقوں کے لاکھوں نوجوانوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کر لیا گیا۔

سندھ حکومت نے آن لائن ٹیکسی ، موٹرسائیکل اور رکشہ پر تیرہ فیصد جی ایس ٹی عائد کر دیا۔ آن لائن ٹیکسی اور موٹرسائیکل کے ذریعے روزگار کمانے والے لاکھوں نوجوانوں کو اپنی آمدن پر جی ایس ٹی کی شرح سے ٹیکس دینا ہو گا۔ ٹرانسپورٹ نظام کے بغیر چلنے والے کراچی میں اب آن لائن ٹیکسی کی آرام دہ سواری بھی مہنگی ہو جائے گی۔

سندھ حکومت نے یکم جولائی دوہزار انیس سے صوبے  بھر میں کچرہ چننے والوں ، کنواں کھدائی اور تعمیراتی مشینری پر بھی تیرہ فیصد ٹیکس وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ اسمبلی نے صوبائی حکومت کے فنانس بل کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے نئے ٹیکسز کے نفاذ کا دفاع کیا جبکہ پیپلزپارٹی ارکان نے آن لائن ٹیکسی ،موٹروہیکل وپراپرٹی ٹیکس کی شرح میں اضافے کے حق میں ووٹ دیا۔

سندھ اسمبلی سے فنانس بل کی منظوری کے بعد اب صوبے بھر کے درزیوں کو بھی ٹیکس دینا ہو گا جبکہ انشورنس ایجنٹس کو بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کر لیا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز