سعودی عرب اور برطانیہ نے آئل ٹینکرز پر حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دے دیا

سعودی عرب ، برطانیہ ، آئل ٹینکرز ، حملے ، ذمہ دار ، ایران
۱۶ جون, ۲۰۱۹ ۹:۵۴ دن

 ریاض (92 نیوز) خلیج عمان میں آئل ٹینکرز پر حملے  پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکا اور برطانیہ نے حملوں کا الزام براہ راست ایران پرعائد کر دیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نےعرب اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ خلیج عمان میں دو تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ ایران نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا ایران نے تہران کے دورے پر آئے جاپانی وزیراعظم کا بھی لحاظ نہیں کیا۔

محمد بن سلمان نے کہا سعودی عرب خطے میں جنگ نہیں چاہتا لیکن جارحیت کا سخت ترین جواب دینے سے گریزنہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا سعودی عرب کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور اپنے ملک اور عوام کی سکیورٹی یقینی بنائے گا۔

دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ کہتے ہیں حملہ ایرانی پاسداران انقلاب نے کیا ہے۔ ایران خطے میں عدم استحکام والے اقدامات سے باز آ جائے۔

اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی ایران پر الزام دھر چکے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ نے بھی ایران ہی کو مورد الزام ٹھہرایا ہے تاہم  تہران حکومت نے تمام الزامات مسترد کر دیئے ہیں جبکہ ایرانی وزارت خارجہ نے الزامات پر برطانوی سفیر کو بھی طلب کر لیا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز