سری لنکا نے پاکستان کو دوسرا ٹی ٹوئنٹی ہراکر سیریز اپنے نام کرلی


سری لنکا
۰۷ اکتوبر, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۵ شام

لاہور ( 92 نیوز) سری لنکا نے پاکستان کیخلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم 147 پر ڈھیر ہوگئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے بھانوکا راجاپاکسا نے 77 اور شیہان جے سوریا نے 34 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، شاداب خان اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ سری لنکا کے تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

محمد عامر اور محمد حسنین مہنگے ترین بولر ثابت ہونے جنہوں نے 4 اوورز میں بالترتیب 40 اور 39 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

سری لنکا کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہااور ابتداء میں ہی فخر زمان 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد بابر اعظم بھی 3 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

احمد شہزاد اور عمر اکمل ایک بار پھر اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے، احمد شہزاد 13 رنز اور عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔52 کے مجوعی اسکور پر پاکستان کی 5 ویں وکٹ کپتان سرفراز احمد کی گری جو 26 رنز بناکر بولڈ ہوئے۔

اس کے بعد عماد وسیم اور آصف علی نے کچھ مزاحمت کی تاہم 127 کے مجموعی اسکور پر عماد وسیم 29 گیندوں پر 47 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد وہاب ریاض 7، آل راؤنڈر شاداب خان 0 اور آصف علی 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

یوں پاکستان کو میچ میں 35 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سری لنکا کی جانب سے نوان پرادیپ اور ڈی سلوا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اوڈانا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

تازہ ترین ویڈیوز