سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ دو ہزار انیس تک کپتان ہونگے ، چیئرمین پی سی بی

چیئرمین پی سی بی احسان مانی سرفراز احمد ورلڈ کپ دو ہزار انیس کپتان
۰۵ فروری, ۲۰۱۹ ۳:۲۸ شام

 لاہور (92 نیوز) چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ دو ہزار انیس تک کپتان ہونگے۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیےقومی ٹیم کے کپتان کا اعلان ہو گیا۔ سرفرازاحمد ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ باقاعدہ اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفرازاحمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا سرفراز نہ صرف ورلڈ کپ بلکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی بھی قیادت کریں گے ۔

چیئرمین پی سی بی نے سرفراز احمد کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ان کی قیادت میں قومی ٹیم نے ہمیشہ اچھا پرفارم کیا اور یہ بہتری ورلڈ کپ میں بھی نظر آ ئے گی ۔

سرفراز احمد نے اعتماد کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا شکریہ ادا کیا اور کرکٹ بورڈ کی امیدوں پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا تھا وہ دو سال سے کپتان ہیں۔ بورڈ کے اعتماد سے ان کا حوصلہ بڑھا ہے ۔

جنوبی افریقہ میں پیش آنے والے واقعہ پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا ہو گا۔ جو ہونا تھا ہو گیا۔  انہوں نے معافی مانگ لی اور سزا بھی ختم ہو گئی۔ اب آگے بڑھنے کا وقت ہے ۔

ورلڈ کپ 2019 کا آغاز 30 مئی سے انگلینڈ میں ہو رہا ہے ۔ سرفراز احمد اپنی قیادت میں ٹیم کو بڑی کامیابی دلانے کیلئے پرعزم دکھائی دیئے ۔

تازہ ترین ویڈیوز