سربراہ پاک بحریہ کا ہیڈکوارٹرز میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور نیول ڈاکیارڈ کا دورہ

سربراہ پاک بحریہ، ہیڈکوارٹرز میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی، نیول ڈاکیارڈ، دورہ، کراچی، 92 نیوز
۲۵ اکتوبر, ۲۰۱۹ ۷:۲۰ شام

کراچی (92 نیوز) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کراچی میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ہیڈ کوارٹرز اور پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کا دورہ کیا، آپریشنل پہلووں پر بریفنگز دی گئیں۔

میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز آمد پر نیول چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور انہیں ایجنسی کے میری ٹائم آپریشنز سینٹر میں بریفنگ بھی دی گئی۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے حال ہی میں قائم کئے گئے جدید تربیتی سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں افسران اورجوانوں کو میری ٹائم شعبے میں درپیش عصرحاضر کے چیلینجز سے نبرد آزما ہونے کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ نیول چیف نے مرکز کے تربیتی معیار کو سراہا۔

نیو ل چیف نے تفویض کردہ فرائض کی انجام دہی میں میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی آپریشنل صلاحتیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ور امید ظاہر کی کہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ملک کے میری ٹائم اور معاشی مفادات کی حفاظت کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی کا دورہ کیا جہاں نیول چیف کو ڈاکیارڈ کی تنظیم نو اور فلیٹ یونٹس کے آپریشنل پہلوئوں پر بریفنگزبھی دی گئیں۔

تازہ ترین ویڈیوز