سانحہ سیالکوٹ موٹروے ، پولیس تاحال مرکزی ملزم کا سراغ نہ لگا سکی


abid malhi
23 ستمبر, 2020 11:12 دن

لاہور ( 92 نیوز) سانحہ سیالکوٹ موٹروے کے مرکزی ملزم کے بارے میں پولیس تاحال کوئی سراغ نہ لگا سکی ،  واقعے کو چودہ روز گزر گئے لیکن مرکزی ملزم تاحال پولیس کی پہنچ سے باہر ہے ۔

زمیں کھا گئی یا آسماں نگل گیا ، سانحہ موٹروے کا مرکزی ملزم عابد ملہی پنجاب پولیس کے لئے چیلنج بن گیا،ٹیموں کی تشکیل،سیکڑوں چھاپے،جگہ جگہ کی تلاشی اور عابد کے متعدد رشتہ داروں کی حراست بھی کسی کام نہ آئی۔

سیالکوٹ لاہور موٹروے پر خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزموں میں سے شفقت تو گرفتار ہوا،لیکن عابد ملہی پولیس کے لئے ایسا چھلاوہ بنا کہ واقعے کے 15ویں روز بھی اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

سب سے پہلے وقار الحسن نے خود کوپولیس کے سامنے پیش کیا جسے متاثرہ خاتون نے پہنچاننے سے انکار کردیا،وقار کا عزیز عباس بھی خود پیش ہوا،تفتیش کے بعدپولیس نے واقعے میں ملوث شفقت کو دیپالپور سے گرفتار کر لیا۔

شناخت پریڈ کےبعد متاثرہ خاتون نے شفقت کی جانب سے زیادتی کی تصدیق کر دی،اس کے بعد پولیس نے ساہیوال سے بالا مستری کو بھی حراست میں لے لیا،لاہور پولیس کی جانب سے ملزم عابد ملہی کے خاکےاور پمفلٹ بھی جاری کیے گئےجبکہ دیگر اضلاع کی پولیس سے مدد بھی مانگ لی گئی۔

تاحال عابد ملہی پولیس کے ہاتھ نہیں لگا،پنجاب حکومت نے ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والے کیلئے پچیس لاکھ روپے انعام کا اعلان کر رکھا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز