زیارت میں سنجاوی لالاکٹائی چیک پوسٹ پر حملے میں چھ لیویز اہلکار شہید

۲۰ مارچ, ۲۰۱۹ ۴:۱۳ شام

 زیارت (92 نیوز) زیارت میں دہشت گردوں کے بزدلانہ وار سے سنجاوی لالاکٹائی چیک پوسٹ پر حملے میں چھ لیویز اہلکار شہید ہو گئے۔ ملزم اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق زیارت سنجاوی کے علاقے لال کٹائی لیویز چیک پوسٹ پر صبح دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے چیک پوسٹ پر تعینات 6 لیویز اہلکار شہید ہوئے جن میں مہتاب الدین ،عبدالحکیم ، فقیر محمد ، محمد عثمان ، عبدالشکور، داد محمد سپاہی شامل ہیں۔ لاشوں کو زیارت اسپتال منتقل کیا گیا۔  

فائرنگ کے بعد ایف سی، پولیس ،لیویز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کے تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔  

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور وزیر داخلہ نے لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

تازہ ترین ویڈیوز