راولپنڈی ٹیسٹ ، سری لنکا نے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر 202 رنز بنائے


راولپنڈی ٹیسٹ ، سری لنکا ، دن ، کھیل ، ختم ، 202 رنز
۱۱ دسمبر, ۲۰۱۹ ۵:۵۳ شام

 راولپنڈی (92 نیوز) راولپنڈی ٹیسٹ میں سری لنکا نے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر پانچ وکٹوں پر 202 رنز بنائے۔

دس سال سے ٹیسٹ میچ کیلئے ترستے پاکستان کے میدان سری لنکن ٹیم نے سیراب کر دئیے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک سری لنکا تاریخی ٹیسٹ میچ کا پہلا روز اختتام پذیر ہو گیا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اوپنرز نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ سری لنکن کپتان کرونارتنے 59 رنز بنا کرشاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے سیشن میں پاکستانی باؤلرز نے کچھ مزاحمت دکھائی اور سری لنکن ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اوشاڈا فرنینڈو 40 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے۔ عثمان شنواری نے کوشال مینڈس کی اننگز 10 رنز پر ختم کر دی ۔ دنیش چندیمل محض دو رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

127رنز پر چار کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے پر اینجلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا نے 62 رنز کی شراکت داری کی۔ 189 رنز کے مجموعی اسکور پر اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

پہلے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلد ختم کر دیا گیا۔ دھننجایا ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عثمان شنواری نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ عابد علی کو ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق اور عثمان شنواری کو باؤلنگ کوچ وقار یونس نے ٹیسٹ کیپ دی۔

تازہ ترین ویڈیوز