رانا ثنا کوسی ٹی ڈی کے حوالے کئے جانے کا بھی امکان

رانا ثنا سی ٹی ڈی لاہور روزنامہ 92 نیوز مسلم لیگ(ن)
۰۲ جولائی, ۲۰۱۹ ۱۱:۵۵ دن

لاہور(روزنامہ 92 نیوز)مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر رانا ثنا اﷲ کو انٹی نارکوٹکس فورس کی تفتیش کے بعدسی ٹی ڈی پنجاب کے حوالے کئے جانے کا قوی امکان ہے جو ان سے کالعدم تنظیموں سے رابطوں کے بارے میں پوچھ گچھ کریں گے۔

اعلی سرکاری ذرائع نے روزنامہ92نیوز کو بتایا رانا ثنا کے رابطے ان سمگلرز سے ہیں جن کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے ،ان کے کالعدم تنظیموں سے مبینہ رابطے بھی ہیں اور انہوں نے ان گروپس کو اپنے سیاسی مخالفین کو خاموش کرنے کے لئے استعمال بھی کیا۔

رانا ثنا کے سی ٹی ڈی کی تحویل میں آنے کے بعد انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سیکشن بھی ان سے تفتیش کر سکتے ہیں جبکہ کالعدم تنظیموں سے رابطوں کی تفتیش کے لئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بھی بنائی جا سکتی ہے ۔کائونٹر ٹیررازم آپریشنز سے جڑے بعض آپریٹرز نے بیک گرائونڈ انٹرویوز میں بتایاسابق صوبائی وزیر قانون کے کالعدم تنظیموں پنجابی طالبان اور لشکر جھنگوی کے مختلف دہشتگرد عناصر سے اب بھی رابطے ہیں،کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہید نے ان کے کالعدم گروپس سے رابطوں کے حوالے سے ن لیگ کی اعلی قیادت کے سامنے معاملہ اٹھایا تھا۔

رانا ثنا لشکرجھنگوی کے کمانڈر ملک اسحاق کے ساتھ رابطے تھے اور وہ پنجابی طالبان اور لشکر جھنگوی کے عناصر کے خلاف کسی انتہائی ایکشن سے سابق حکومت کو روکنے کی کوشش کرتے رہے ،اس پالیسی سے پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائیوں کو نقصان پہنچا۔

انٹی نارکوٹکس فورس کے پاس ایسے گواہ موجود ہیں جو رانا ثنا اﷲ سے جڑے منشیات کے ان سمگلرز کے بارے میں انفارمیشن رکھتے ہیں جنکا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے ۔

تازہ ترین ویڈیوز