ذہنی مفلوج نوازشریف کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب


نواز،شہبازایک، مخالفین ،حسد کی آگ، مریم اورنگزیب،اسلام آباد ، 92 نیوز
۰۹ دسمبر, ۲۰۱۹ ۱۱:۳۱ شام

لاہور (92 نیوز) نوازشریف کے دماغ کو خون پہنچانے والی شریان 88 فیصد بند ہے، مسلم لیگ ن کی ترجمان مر یم اورنگزیب نے بیان میں کہا کہ ذہنی مفلوج آج تک نوازشریف کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کئی طبی پیچیدگیاں سنگین نتائج کی حامل ہوسکتی ہیں۔ رسک لینے کے بجائے ڈاکٹرز نے امریکہ میں اس شعبے کے ماہرین سے رجوع کرنے پر اصرار کیا ہے، موجودہ صورتحال میں محمد نواز شریف کی امریکہ منتقلی ڈاکٹرز کے لئے ایک اور طبی امتحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ طبی کیفیات کو دیکھتے ہوئے بائی آپسی کرنے پر ڈاکٹرز کی مشاورت ہوئی ہے، پلیٹ لیٹس کے معاملے میں بھی بہتری پیدا نہیں ہوئی، آسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دینے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن کہتی ہیں کہ آسٹیرائیڈز اور پلیٹ لیٹس کی تعداد بڑھانے کی ادویات کے نتیجے میں محمد نواز شریف کی شوگر انتہائی زیادہ ہے، ڈاکٹرز شوگر کی مقدار اور پلیٹ لیٹس کے توازن کو اعتدال میں لانے کی کوشش کررہے ہیں، طبی تجزیات کے باوجود پلیٹ لیٹس کی مقدار میں مسلسل کمی کی وجوہات اب تک معلوم نہیں ہوسکیں۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا موجودہ نالائق اور نااہل حکومت کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ سیاست اور ذہنی حالت بھی پست ہو چکی ہے، نااہل نواز شریف کی صحت پہ سیاست کرنے اور مذاق اڑانے کے بجائے پندرہ مہینے کی کارکردگی جس نے ملک اور عوام کو بیمار کر دیا ہے کا علاج کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنے کی بجائے عوام کے لئے 50 لاکھ گھر اور ایک کڑوڑ نوکری کا بندوبست کرے، نواز شریف کی صحت کا مذاق اڑانے کی بجائے جو ملک، قوم ، کاروبار روزگار اور معیشت کا مذاق بنایا ہوا ہے اس کا علاج کرے۔

علا وہ ازیں نوازشریف کے علاج کے حوالے سے حسین نواز اور ڈاکٹر عدنان نے رپورٹس آئندہ دو سے تین روزمیں عدالت میں جمع کرانے کا اعلان کردیا۔

تازہ ترین ویڈیوز