خیبرپختونخوا میں 9 صوبائی اور قومی اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات ہونگے

۱۲ اکتوبر, ۲۰۱۸ ۲:۱۷ شام

پشاور (92 نیوز) خیبرپختونخوا میں 9 صوبائی اور قومی اسمبلی کی ایک نشست پر بھی ضمنی انتخابات کےلئے 14 اکتوبر کو میدان سجے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی چھوڑی ہوئی نشست این اے 35 بنوں پرکون بنے گا ایم این اے۔ اس کا فیصلہ 14 اکتوبر کو ہوگا۔

خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کا واحد حلقہ این اے 35 بنوں جہاں 14 اکتوبر کو ضمنی انتخاب کےلئے میدان سجے گا۔ اس حلقے کے ضمنی انتخاب کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ یہ نشست وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات میں ایم ایم اے کے اکرم درانی کو شکست دینے کے بعد خالی کی تھی۔

قومی اسمبلی کے اس حلقہ این اے 35 بنوں میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزارہے۔ جو 14 اکتوبرکو دوبارہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ضمنی انتخاب میں حلقہ کے پرانے کھلاڑی سامنے نہیں آئے۔ ایم ایم اے نے اکرم درانی کے بیٹے زاہد درانی کو میدان میں اتارا ہے جبکہ پی ٹی آئی نے بھی ایم ایم اے کا مقابلہ کرنے کےلئے مولانا نسیم علی شاہ کو مدمقابل کھڑا کردیا ہے۔

این اے 35 بنوں کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی، ایم ایم اے اور پیپلزپارٹی کی سیدہ یاسمین صفدر کے علاوہ پانچ آزاد امیدوار بھی وزیراعظم کی چھوڑی سیٹ پرایم این اے بننے کےلئے میدان میں ہیں۔

تازہ ترین ویڈیوز