خیبرپختونخوا میں برفباری اور بارشوں سے 10 افراد جاں بحق ، 14زخمی

خیبرپختونخوا
۰۳ مارچ, ۲۰۱۹ ۱۱:۲۲ شام

پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا 10 افراد میں برفباری اور بارشوں سے 10 افراد جاں بحق  جبکہ 14زخمی ہو گئے ۔

خیبر پختونخوا میں  برفباری اور بارشوں کے باعث 10 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہو گئے۔ جنوبی وزیرستان میں 5 افراد، شمالی وزیرستان میں 2 جبکہ چارسدہ اور ٹانک میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔ بارشوں کے باعث 31 مکانات کو نقصان بھی پہنچا جبکہ متعدد رابطہ سڑکیں بھی بند ہو گئیں۔

گزشتہ دو دنوں میں بارشوں اور برفباری سے جنوبی وزیرستان کے علاقہ وانا میں چھتیں گرنے کے باعث 2 بچے، سروکئی میں ماں اور بچوں سمیت 3 افراد، شمالی وزیرستان کے علاقہ دوسلی میں بھی  ایک ہی خاندان کے 3 افراد جبکہ چارسدہ اور ٹانک میں ایک ایک شخص جان بحق ہوا۔

بارشوں اور برفباری کے باعث کوہاٹ میں 6، وزیرستان میں 6، دیر اپر اور ٹانک میں ایک ایک شخص زخمی ہوا۔ گلیات کے کئی علاقوں میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے کئی سڑکیں بند ہو گئیں۔

ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی  کے مطابق گلیات میں گزشتہ 31 برس میں ہونے والی برفباری کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔

جنوبی وزیرستان میں بارشوں اور برفباری کے باعث پاک افغان سرحد انگور اڈہ  کے مقام پر آمد و رفت کے لئے بند کر دی گئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے ہزارہ کے علاقوں میں  بند سڑکیں فوری طور پر کھولنے کے لئے بھاری مشینری استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز