خطے میں نیا بلاک بنانے کیلئے پاکستان نے کوششیں شروع کر دیں

خطے میں نیا بلاک پاکستان لاہور روزنامہ 92 نیوز
۳۰ ستمبر, ۲۰۱۹ ۱۰:۵۵ دن

لاہور(روزنامہ 92 نیوز)پاکستان  نے خطے میں نیا بلاک بنانے  کے لئے  کوششیں شروع کر دیں ، خطے میں اپنے مفادات سے مطابقت رکھنے والے اور ہم خیال ممالک کو اکٹھا کر کے ایک گروپ بنانے کے لئے ڈپلومیٹک آفنسیو لانچ کر دیا گیا۔

ڈپلومیٹک آفیشلز نے روزنامہ 92نیوز کو بتایا کہ پاکستان نے خطے میں نیا بلاک بنانے کی کوششوں کا آغاز کر دیا،خطے میں اپنے مفادات سے مطابقت رکھنے والے اور ہم خیال ممالک کو اکٹھا کر کے ایک گروپ بنانے کے لئے سفارتی مشن کا آغاز کر دیا گیا  ہے ۔

خطے میں بین الاقوامی قوتوں کی تبدیل ہوتی ہوئی الائنمنٹس کے پس منظر میں اپنے مفادات سے مطابقت رکھنے والے ممالک کے ساتھ مل کر ایک ریجنل گروپ یا بلاک بنانا بہت ضروری ہو گیا تھا،اس سلسلے میں کوششوں کا آغاز وزیر اعظم کے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت اور امریکی صدر سے ملاقات کے بعد کیا گیا ۔

پاکستان نے خطے میں چین،ترکی،ملائشیاء اور روس کو اکٹھا کر کے ایک گروپ بنانے کی کوششوں کا آغاز کر دیا ہے ،خطے میں اس پاور گروپ کو بنانے کی کوششوں میں پاکستان آگے چل کر وسط ایشیائی ریاستوں کو جوڑنے کی کوشش کرے گا ۔اس حوالے سے ایران کے کردار پر بھی غور کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ خطے میں امریکہ اور اسکے قریبی اتحادیوں کے تبدیل ہوتے ہوئے مفادات کے نتیجے میں انکی فارن پالیسی کے اہداف کی تبدیلی سے پاکستان کے لئے یہ انتہائی ضروری ہو گیا تھا کہ وہ اپنی فارن پالیسی کے اہداف پر نظر ثانی کرے ،جبکہ پاکستان نے وزیر اعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے نتیجے میں بین الااقوامی قوتوں کے ردعمل کو آپرٹیونٹی بنا کر خطے میں ایک نیا گروپ یا بلاک بنانے کی کوششوں کا آغاز کیا۔

خطے میں بین الااقوامی قوتوں کے تبدیل ہوتے ہوئے فارن پالیسی اہداف کے نتیجے میں پاکستان ، چین،ترکی،ملائشیاء اور روس کے مفادات ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں، خطے میں پاکستان اور چین کے مفادات تو پہلے ہی مطابقت رکھتے ہیں،اسکے ساتھ پاکستان خطے میں مسلمان ممالک جن میں ترکی اور ملائشیا کو خصوصی حیثیت حاصل ہے ،کے ساتھ ایک’’ سپیشل ریلیشن شپ اینگجمنٹ‘‘کرنا چاہتا تھا جسے اس نے خطے میں نیا گروپ بنانے کی کوششوں میں شامل کر دیا ہے ،روس خطے میں امریکہ کے بدلتے فارن پالیسی اہداف ،اپنے مفادات کے تحفظ اور اپنے روایتی حلیف بھارت کے امریکی بلاک کی طرف جھکائو کے بعد پاکستان کے ساتھ نئی الائنمنٹ قائم کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے ۔

تازہ ترین ویڈیوز