حیدرآباد میں اغوا کے بعد قتل کیے گئے کمسن بہن بھائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

حیدرآباد اغوا قتل کمسن بہن بھائی سی سی ٹی وی فوٹیج
۱۳ جولائی, ۲۰۱۹ ۸:۴۳ دن

 حیدرآباد (92 نیوز) حیدرآباد میں اغواء کے بعد قتل ہونے والے کمسن بہن بھائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ فوٹیج میں محلے کا ایک شخص بچوں کو بسم اللہ سٹی کے ایک زیر تعمیر مکان میں لے کر جارہا ہے۔

حیدرآباد میں قتل ہونے والے کمسن بہن بھائی رخسانہ اور عبدالقادر کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پولیس کو ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں بچے مرغی فروش عثمان بنگالی کے ساتھ جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

عثمان بنگالی بچوں کو بسمہ اللہ سٹی کے ایک زیر تعمیر مکان میں داخل ہونے کا اشارہ کرتا ہے اور خود کچھ دیر بعد مکان میں داخل ہوتا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی غلام سرور جمالی نے بچوں کے والد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملزمان تک پہنچ چکے ہیں، شام تک تمام تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مرغی فروش عثمان بنگالی نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے تاہم ملزم کی نشاندہی پر دیگر افراد سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ نے بھی مقتول بچوں کے والد سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

تازہ ترین ویڈیوز