Monday, January 25, 2021
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

حکومتی پابندیوں کے باوجود پی ڈی ایم کا پشاور میں جلسہ، کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ

حکومتی پابندیوں کے باوجود پی ڈی ایم کا پشاور میں جلسہ، کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ
November 28, 2020

سیاسی جماعتوں نے سیاسی مفاد کیلئے عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں۔ کورونا وائرس کے کیسز مثبت آنے کی شرح خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے مگر اپوزیشن جماعتوں نے جلسوں کی رٹ لگا رکھی ہے۔

حکومتی پابندیوں کے باوجود پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے پشاور میں جلسہ کر کے نہ صرف کارکنوں کی صحت سے کھلواڑ کیا بلکہ مرکزی قیادت خود بھی ایک ایک کر کے کورونا وائرس میں مبتلا ہو رہی ہے۔

پشاور جلسے کےاسٹیج پر موجود رہنماؤں میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ جلسے کی آرگنائزر اور اے این پی کی رہنماء ثمر بلور میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

بلاول بھٹو اور ثمر بلور میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد اب سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا جلسے میں شریک ہونے والی مریم نواز اور دیگر قائدین کو بھی کورونا ٹیسٹ نہیں کرانا چاہیے۔؟ وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تو مریم نواز کے کورونا ٹیسٹ کا مطالبہ بھی کردیا۔

پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ پشاور میں کیسز کی شرح ملک بھرمیں سب سے زیادہ 19 فیصد رپورٹ ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار پی ڈی ایم کو قرار دے دیا، ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران بنگش نے ٹویٹ کیا پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح تشویش ناک ہوگئی ہے، نہ صرف عوام بلکہ جلسہ منتظمین میں بھی کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، سب کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں، قومی ذمہ داری کا تقاضہ ہے احتیاط برتی جائے۔