حکومتی نشست سے ’’چور کا بچہ‘‘ کی آواز پر شہباز شریف برہم


۱۴ جنوری, ۲۰۱۹ ۹:۰۵ شام

اسلام آباد ( 92 نیوز) حکومتی نشست سے ’’چور کا بچہ ‘‘  کی آواز پر شہباز شریف  برہم  ہو گئے ، کہا کہ  گالم گلوچ بہت سن چکا ایوان میں نہیں بیٹھ سکتا ، اپوزیشن لیڈر نے مائیک پر کہا گالی نہیں سنوں گا اور ایوان سے چلے گئے ۔

شہر اقتدار میں کڑاکے کی سردی آئی   مگر اقتدار کے ایوانوں میں  اب بھی گرما گرمی برقرار  ہے ، قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی  اور ارکان کا روایتی  شور شرابہ   رہا ، وہی چھیڑچھاڑ  اور الزام تراشی کا سلسلہ جاری رہا ۔

بات اس وقت بگڑی جب  دوران اجلاس حکومتی نشست سے ’’چور کا بچہ ‘‘ کی آواز پرشہباز شریف برہم ہو گئے  ، اپوزیشن لیڈر مائیک پر آئے اور کہا ، گالی نہیں سنوں گا ،اور ایوان سے چلے گئے ۔

اس موقع پر حکومتی اتحادی جماعت ق لیگ کے رکن طارق بشیر چیمہ اٹھے اور کہایہ اپنی بات کرکے گالم گلوچ کا الزام لگا کر چلے گئے ،یہ کیا طریقہ ہے۔آج کے بعد ہم انہیں کبھی اس طرح بات نہیں کرنے دیں گے ۔

اس کے بعد خواجہ آصف اٹھے اور بولے ایسی دھمکی سے ایوان نہیں چلے گا ،یہاں نہ وزیراعظم آتا ہے نہ وزیرخزانہ۔

پیپلز پارٹی کی شگفتہ جمانی نے کورم کی نشاندہی کی تاہم کورم پورا نکلا اور ایوان کی کارروائی جاری رہی۔

تازہ ترین ویڈیوز