جے یو آئی نے ڈاکٹر عامر لیاقت اور فواد چودھری کو نوٹس بھیجنے کی تیاری کر لی


جے یو آئی ، ڈاکٹر عامر لیاقت ، فواد چودھری ، نوٹس ، تیاری
۰۸ اکتوبر, ۲۰۱۹ ۹:۵۶ شام

 اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کو لیگل نوٹس پہنچا دیا۔ جواب میں جے یو آئی نے ڈاکٹر عامر لیاقت اور فواد چودھری کو نوٹس بھیجنے کی تیاری کر لی۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کا قانونی نوٹس مولانا فضل الرحمن کے مدرسے پر موصول ہو گیا۔ قانونی نوٹس بھجوانے کیلئے پاکستان پوسٹ کی ارجنٹ میل سروس کی خدمات حاصل کی گئیں اور نوٹس 24 گھنٹے میں ہی متعلقہ پتے پر پہنچا دیا گیا ۔ نوٹس بھجوانے اور وصول کروانے کے مناظر عکس بند کئے گئے۔

پی ٹی آئی کے لیگل نوٹس کے جواب میں جے یو آئی کی قانونی ٹیم بھی حرکت میں آ گئی اور ایم این اے عامر لیاقت اور فواد چودھری کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے لیگل نوٹس تیار کرلیے۔

جے یو آئی نے عامر لیاقت اور فواد چودھری پر من گھرٹ الزامات لگانے اور پارٹی کی شہرت کو داغدار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ جے یو آئی نے دونوں رہنماؤں سے متنازعہ ٹویٹس ہٹا کر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے رد عمل دیتے ہوئے کہا انہیں مولانا کی کوئی فکر نہیں۔ وفاقی وزیر حماد اظہر بھی سیاسی لڑائی میں کود گئے اور مولانا کو 22 نمبر بنگلے کا طعنہ دے دیا۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا مولانا صاحب بچوں کی تعلیم متاثر کریں گے۔ وہ رکن اسمبلی نہیں ہیں، اس لیے انہیں منسٹر انکلیو میں 22 نمبر گھر نہیں مل سکتا۔ علی زیدی بولے وہ فضل الرحمن کو مولانا نہیں سمجھتے۔ اسلم اقبال بولے عوام کو چوروں سے آزادی مل چکی، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ایک طرف لفظی جھڑپیں جاری ہیں تو دوسری  طرف وزارت داخلہ نے صوبوں سے مولانافضل الرحمٰن کے حمایتی مدارس ،ساتھ دینے والے مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی فہرستیں طلب کر لی ہیں۔

تازہ ترین ویڈیوز