توشہ خانہ کیس ، نواز ، گیلانی اور زرداری  ریفرنس میں ملزم نامزد


توشہ خانہ کیس‏ نواز ‏ گیلانی ‏ زرداری ‏ نیب
۰۲ ستمبر, ۲۰۱۹ ۳:۲۸ شام

اسلام آباد ( 92 نیوز) نوازشریف، سید یوسف رضا گیلانی اور آصف علی زرداری ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے، تینوں ملزمان توشہ خانہ کیس  کے ریفرنس میں ملزم  نامزد کر دیے گئے ۔   ریفرنس کے ڈرافٹ کی تیاری کا کام شروع ہو گیا ۔  نیب نے  سولر کے غیرقانونی ٹھیکوں کے کیس میں عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کا فیصلہ  کرلیا۔

دو سابق وزرائے اعظم اور سابق صدر مملکت پر ایک ہی الزام، ایک ہی ریفرنس  میں نامزد  ، توشہ خانہ  کیس میں نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور آصف علی زرداری کو ملزم نامزد کر دیا گیا۔

نیب پراسکیویشن ونگ نے تینوں بڑے ملزمان کے خلاف ریفرنس کا ڈرافٹ تیار کرنا شروع کردیا،  حتمی منظوری چیئرمین نیب دیں گے، جس کے بعد ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جائیگا۔

نیب نے کیس میں وزارت خارجہ کے افسران اور دیگر گواہان کے بیان بھی قلمبند کرلیے ہیں ، جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں قید نوازشریف سے بھی تفتیش کی ۔

نیب کے مطابق سعودی عرب سے تحفے میں ملنے والی   3گاڑیاں آصف علی زرداری جبکہ ایک  گاڑی نوازشریف کے زیر استعمال ہے   ،یہ گاڑیاں اس وقت کےوزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے غیرقانونی طور پر فراہم کیں، ۔

قانون کے مطابق تحفہ میں ملی گاڑیاں صدر اور وزیراعظم اپنے پاس نہیں رکھ سکتے۔  نیب نے جعلی اکاونٹس کیس میں گرفتار عبدالغنی مجید کو سولر کے غیرقانونی ٹھیکوں کے کیس میں بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

وارنٹ کی تعمیل کے لئے نیب نے احتساب عدالت سے رجوع کیا تو ڈیوٹی جج نے متعلقہ جج سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی قرار دیا کہ معاملہ فوری نوعیت کا نہیں متعلقہ جج کے سامنے ہی پیش کیا جائے،

نیب کی درخواست پر سماعت 13 ستمبر تک ملتوی  کردی گئی۔

تازہ ترین ویڈیوز

Oops, something went wrong.