ترک صدر کے دورہ پاکستان کا ابتدائی شیڈول تیار


ترک صدر دورہ پاکستان ابتدائی شیڈول اسلام آباد ‏ ‏92 نیوز رجب طیب اردوان ‏
۲۹ جنوری, ۲۰۲۰ ۱۲:۳۹ شام

اسلام آباد ( 92 نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا،   13 اور 14 فروری کو دورے کا قوی امکان ہے، کاروباری شخصیات بھی ان کے  ہمراہ ہوں گی ،وہ پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ، خوشگوار، لازوال اور گہرے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ، ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا ، 13 یا 14 فروری کو پاکستان پہنچیں گے۔

کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ سطحی وفد بھی ہمراہ ہو گا ،  دورہ پاکستان کے دوران  پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی ، صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان، ترک صدر اور مہمانان کے اعزاز میں ضیافتوں کا اہتمام کریں گے۔

پاک، ترک اعلیٰ سطحی تذویراتی تعاون کونسل کا اجلاس بھی ہو گا ، وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے ، دوطرفہ سطح پر متعدد معاہدے، تعاون کی یادداشتوں پر دستخط اور  کئی منصوبے شروع ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تذویراتی اقتصادی فریم ورک، باہمی تعاون کے تحت معاہدات کا امکان ہے۔  دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارت، دفاعی پیداوار،بینکنگ، مالیات سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان قبل ازیں 3 بار معطل ہوا، وزیراعظم عمران خان نے جنوری 2019ء میں اپنے دورہ ترکی کے دوران انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔

تازہ ترین ویڈیوز