Tuesday, January 26, 2021
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
٩٢ نیوز انگلش آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

بھارتی جارحیت پر وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط

بھارتی جارحیت پر وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط
February 27, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) بھارتی جارحیت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کو خط  لکھ دیا جس میں  بھارتی جنگی جنون کی طرف توجہ دلائی گئی ۔ شاہ محمود قریشی نے  انتونیو گوتریس کو لکھے خط میں کہا کہ بھارتی دانستہ جارحانہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر، عالمی قانون اور بین الریاستی تمام ضابطوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زوردیتا ہوں کہ بھارتی جارحانہ اقدامات کو فوری رکوایا جائے ۔ خط میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قبل ازیں خط میں بھارتی جنگی جنون اور دھمکیوں کی طرف توجہ دلائی تھی، صورتحال کی نزاکت بڑھنے پر یہ خط ارسال کررہا ہوں ۔ خط میں کہا کہ بھارتی جنگی طیاروں نے 26 فروری کی صبح ایل اوسی، مظفرآباد سیکٹر کی خلاف ورزی کی اور پاک سرزمین کو نشانہ بنایا، حکومتی حلقوں سمیت بھارت کی جانب سے دھمکی آمیز بیانات اور ’دہشت گردی‘ کا راگ الاپنے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی دنیا کی توجہ ہٹائی جائے، اورجھوٹے دعوے کر کے آئندہ انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھایا جائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع میں مناسب کارروائی کرنے کا حق رکھتا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زوردیتا ہوں کہ بھارتی جارحانہ اقدامات کو فوری رکوایا جائے اور خط سلامتی کونسل کے سرکاری ریکارڈ کے حصے کے طورپر کونسل کے ارکان کو بھجوایاجائے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خط کی کاپی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اناتولیودونگ مبا کو بھی بھجوائی گئی ہے۔