بٹگرام میں ایک شخص نے گھر کے 5 افراد کو قتل کر دیا


بٹگرام ، ایک شخص ، گھر ، 5 افراد قتل ، پشاور ، 92 نیوز
29 مئی, 2020 8:41 شام

پشاور (92 نیوز) بٹگرام میں ایک شخص نے گھر کے 5 افراد کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا، ملزم نے موقع واردات پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں پربھی فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم ہلاک ہو گیا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں ایک شخص کی فائرنگ سے گھر کے پانچ افراد کی ہلاکت کا دلخراش واقعہ پیش آیا، بٹگرام کے علاقہ بانڈہ پزنگ تحصیل الائی میں جہانزیب نامی شخص نے فائرنگ کر کے 2 بیویوں، ایک بیٹی، ایک بیٹے اور بہو کو قتل کر دیا۔

پولیس پہنچی تو ملزم نے 2 بچیوں کو یرغمال بنایا ہوا تھا اور اہل علاقہ کو بھی قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہا تھا، ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل محمد گل زخمی ہو گیا، پولیس کی جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا۔ ڈی پی او کے مطابق ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم خود کو بھی مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا، ملزم کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد ہوا، پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

تازہ ترین ویڈیوز