بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم آج رات ڈھاکہ سے خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچے گی


پاکستان ، بنگلہ دیش ، سیریز ، ٹی ٹوئنٹی ، میچ ، قذافی اسٹیڈیم
۲۱ جنوری, ۲۰۲۰ ۱۱:۱۵ شام

 لاہور (92 نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم آج رات ڈھاکہ سے خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچے گی ۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 24 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ  کے صدر ناظم الحسن دیگر آفیشلز اور سکیورٹی اسٹاف بھی ٹیم کے ہمراہ آئے گا۔ مہمان ٹیم  جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی جبکہ بنگلہ دیشی قائد محمود اللہ ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

سیریز کیلئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم کی صفائی اور تزئین و آرائش کا کام بھرپور انداز میں جاری ہے۔ کمشنر لاہور سیف انجم کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے اطراف، پارکنگ ایریاز اور اہم سڑکوں پرفلڈ لائٹس کی تنصیب  اور 300 سے زائد سکیورٹی کیمرے لگائے جائیں گے۔ پارکنگ ایریاز سے شٹل سروس کے ذریعے تماشائیوں کو اسٹیڈیم لایا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے نجی کورئیر سروس کی منتخب برانچوں سے ٹکٹوں کی فروخت بھی جاری ہے۔ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی کی نمبرون پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے بنگلہ دیش کو لازمی کلین سویپ کرنا ہو گا۔ایک بھی شکست پاکستان کو نمبر ٹو اور آسٹریلیا کو نمبرون کی پوزیشن پر لے آئے گی۔

تازہ ترین ویڈیوز