برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی حالت مزید بگڑ گئی، آئی سی یو منتقل


برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن ، حالت مزید بگڑ گئی ، آئی سی یو منتقل ، لندن ، 92 نیوز
۰۷ اپریل, ۲۰۲۰ ۷:۱۶ شام

لندن (92 نیوز) کورونا وائرس سے متاثر برطانوی وزیر اعظم کی حالت مزید بگڑ گئی، بورس جانسن کو لندن کے مقامی اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے، مقامی اورعالمی سیاسی رہنماؤں نے جانسن کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس سے متاثر اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔ ایسے میں کورونا سے متاثر برطانوی وزیراعظم کی آئی سی یو منتقلی نے برطانوی عوام کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن کے سینٹ تھامس اسپتال میں زیرعلاج برطانوی وزیراعظم کو حالت مزید بگڑنے پر انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ آئی سی یو منتقلی سے قبل بورس جانسن نے وزیرخارجہ ڈومینیک راب کو اپنی ذمہ داریاں سونپ دی تھیں اور اب حکومتی امور انہی کے ذمہ ہیں۔

بورس جانسن کی آئی سی یو منتقلی پر نہ صرف برطانوی شاہی خاندان، عوام اور سیاسی رہنماؤں بلکہ عالمی رہنماؤں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن، آئرش وزیراعظم لیو وارادکر، یورپین کمیشن کی سربراہ ارسلا وون ڈر لین اور عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس آدھنم سمیت متعدد رہنماؤں نے بورس جانسن کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین ویڈیوز