برطانوی شاہی جوڑا آج 5روزہ دورہ پر پاکستان پہنچے گا


برطانوی شاہی جوڑا، آج، پاکستان پہنچے گا، اسلام آباد ، 92 نیوز
۱۴ اکتوبر, ۲۰۱۹ ۱:۲۷ دن

اسلام آباد (92 نیوز) برطانوی شاہی جوڑا آج 5 روزہ دورہ پر پاکستان پہنچے گا، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کےریڈ کارپٹ استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ کل صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں ہوں گی، شاہی جوڑا اسکول، کالجز سمیت تاریخی مقامات کا دورہ کرے گا، برطانوی مہمان درہ خیبر اور چترال بھی جائیں گے، برطانوی ہائی کمشنر نے ویڈیو پیغام میں دورے کو تاریخی تعلقات کی کڑی قرار دیا۔

برطانوی شاہی جوڑہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن 5 روزہ دورہ پاکستان پر آج رات ساڑھے 9 بجے نور خان ائیر بیس پر اتریں گے، جہاں برطانوی شاہی مہمانوں کا ریڈ کارپٹ استقبال ہو گا۔ اعزازی گارڈ پیش کی جائے گی۔ نور خان ایئر بیس پر شاہی جوڑے کا وفاقی وزراء، دفتر خارجہ حکام اور برطانوی سفارتکار خیرمقدم کریں گے۔

برطانوی شاہی جوڑا بھاری بھرکم سکیورٹی ٹیم کے ہمراہ پاکستان پہنچے گا۔ برطانوی شاہی جوڑے کیلئے 40 سے زائد ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور طبی عملہ بھی سکیورٹی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کل صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔

شاہی جوڑا ایف سیون میں سکول، کالج کا دورہ، نجی ادارے کے اجلاس میں شرکت کریگا۔ برطانوی مہمان پاکستان مانومنٹ پر منعقدہ خصوصی تقریب کا حصہ بھی ہوں گے۔ برطانوی شاہی جوڑا 16 اکتوبر کو لاہور میں ایس او ایس ویلیج، ایچیسن کالج کا دورہ کریگا اور شوکت خانم ہسپتال بھی جائے گا۔

برطانوی شاہی جوڑا 17 اکتوبر کو چترال جائے گا اور مقامی افراد سے ملاقاتیں کرے گا۔ موسم بہتر، سکیورٹی مسائل نہ ہوئے تو برطانوی مہمان درہ خیبر، قلعے کا دورہ بھی کریں گے۔ برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔

تازہ ترین ویڈیوز