این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں فائرنگ کرنے والا ایک ملزم گرفتار

ڈسکہ (92 نیوز) این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں فائرنگ کرنے والا ایک ملزم گرفتار ہو گیا۔ ملزم عمر عرف حمزہ بٹ نے گوئندکے پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ڈی پی او سیالکوٹ کے مطابق دو ملزمان جاوید بٹ اور خالد باگڑی 27 فروری تک عبوری ضمانت پر ہیں۔ گرفتار ملزم کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے جسے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او حسن اسد علوی نے بتایا دیگر 2 ملزمان تاحال فرار ہیں انکی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
19 فروری کو ڈسکہ میں ضمنی انتخابات کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہو گئے تھے۔